راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایات پر آر ڈی اے انفورسمنٹ اسکواڈ نے موضع اڈیالہ، اڈیالہ روڈ، راولپنڈی میں واقع غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم قائم مینشن کے خلاف جامع آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران اس غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم کے سائٹ آفس کو مسمار کر دیا گیا، غیر قانونی انفراسٹرکچر ہٹا دیا گیا جبکہ ناجائز طور پر بند کیے گئے راستوں اور رسائی سڑکوں کو بحال کر دیا گیا۔ انفورسمنٹ اسکواڈ نے ڈیولپرز کو فوری طور پر تمام تعمیراتی سرگرمیاں بند کرنے اور بغیر کسی تاخیر کے متعلقہ قوانین و ضوابط کی مکمل پاسداری یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ اس موقع پر ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے واضح کیا کہ اتھارٹی غیر قانونی اور غیر مجاز ترقیاتی سرگرمیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کے تحفظ، شہری منصوبہ بندی میں نظم و ضبط کے قیام اور فراڈ پر مبنی ترقیاتی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے سخت آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے۔ آر ڈی اے شہریوں کو سختی سے ہدایت کرتا ہے کہ وہ غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری سے گریز کریں اور کسی بھی منصوبے میں مالی وابستگی سے قبل اس کی قانونی حیثیت کی تصدیق آر ڈی اے کے سرکاری پلیٹ فارمز کے ذریعے ضرور کریں۔ ڈی جی آر ڈی اے نے ایم پی اینڈ ٹی ای ڈائریکٹوریٹ کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ تمام غیر قانونی و غیر مجاز ہاؤسنگ سکیموں، کمرشل سرگرمیوں، بکنگ دفاتر اور تجاوزات کے خلاف بلا خوف و خطر اور بلا امتیاز سخت کارروائیاں جاری رکھیں۔ آر ڈی اے شہریوں کے حقوق کے تحفظ، شہری ترقیاتی قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور اپنے دائرہ اختیار میں کسی بھی قسم کے فراڈ یا بدعنوانی کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ اتھارٹی شفافیت کے فروغ، داخلی احتسابی نظام کو مضبوط بنانے اور عوام کو استحصال سے بچانے کے لیے پرعزم ہے۔
مزید برآں، آر ڈی اے عوامی آگاہی کے لیے باقاعدگی سے پریس ریلیزز جاری کرتی ہے اور شہریوں کو غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں میں سرمایہ کاری سے گریز کی تلقین کرتی ہے۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ آر ڈی اے کی ویب سائٹ (www.rda.gop.pk) ملاحظہ کریں اور صرف منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں کے ساتھ لین دین کریں۔ یہ آپریشن آر ڈی اے انفورسمنٹ اسکواڈ نے انجام دیا جس میں ڈائریکٹر لینڈ ڈیولپمنٹ غضنفر علی اعوان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ محمد داؤد، بلڈنگ سروئیر ملک امیر محمود، بلڈنگ انسپکٹر شفیق الرحمن، اسکیم انسپکٹر عمران جعفری سمیت دیگر اہلکار شامل تھے۔

