راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی کی ہدایات کے مطابق شہر بھر کے پارکس کو خوبصورت بنانے اور سردیوں کی مناسبت سے پارکوں میں لگے پھول پودوں کی نگہداشت کے اقدامات کئے جا رہے ہیں،شہریوں کو بہترین تفریحی و حفاظتی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام تر وسائل بھی بروئے کارلائے جا رہے ہیں،اس ضمن میں احمد حسن رانجھا کی ہدایت پر ملیہ پارک راولپنڈی کی سجاوٹ اور پودوں پھولوں کو سردی سے بچانے کے اقدامات پر کام مکمل کر لیا گیا،پارک میں رنگ برنگے پھول اور پودے بہار کا منظر پیش کر رہے ہیں اور خوبصورتی سے سجی فضا شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ فیملیز بڑی تعداد میں اس پارک کا رخ کرتے ہیں اور بہترین تفریحی سہولیات سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
علاوہ ازیں ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کا عملہ پوری محنت اور ذمہ داری کے ساتھ باغبانی کے امور انجام دے رہا ہے اور پودوں کی نگہداشت میں مصروف عمل ہے،احمد حسن رانجھا کا کہنا ہے کہ عوامی سہولت اور تفریح کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کو پنجاب حکومت کے وژن کے مطابق سرسبز و خوبصورت بنانے اور شہریوں کو صحت مند تفریحی ماحول فراہم کرنے کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ شدید سردی کی آمد کے ساتھ ہی گرین بیلٹس اور پارکوں میں لگے پودوں اور پھولوں کو مضحر اثرات سے بچانے کے لئے بھی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کا عملہ سرگرمِ عمل ہے، راولپنڈی شہر میں بھرپور شجرکاری مہم جاری ہے جس کے ذریعے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ میں کمی لائی جا سکتی ہے.

