فیصل آباد ( کرائم رپورٹر )ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ سرکل فیصل آباد نے منی لانڈرنگ میں ملوث ملزم خالد محمود کو 2 سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ علاوہ ازیں عدالت نے ملزم کی غیر قانونی کمائی کو بھی ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج – I فیصل آباد اقبال ہرل نے مقدمے کی سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ سنایا۔ عدالت کے مطابق خالد محمود غیر قانونی طور پر غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت اور حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث پایا گیا۔ ضبطگی کی جانے والی رقوم میں 2,200 سعودی ریال، 1,400 عراقی دینار، 200 امریکی ڈالر اور 150 یورو شامل ہیں۔
ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر صفیان دلبر نے مقدمے کی تحقیقات مکمل کر کے چالان جمع کرایا، جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل عاصمہ سعدیہ نے مقدمے کی پیروی کی۔ یہ کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی منی لانڈرنگ محمد ہاشم رضا کی نگرانی میں عمل میں لائی گئی۔
یہ کامیابی ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ سرکل فیصل آباد کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور قانون پر سختی سے عمل درآمد کے عزم کا مظہر ہے

