وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کرسمس کی تقریب میں مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کیا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے وزارتِ بحری امور میں مسیحی ملازمین کے ساتھ کرسمس کی تقریب میں شرکت کی اور کیک کاٹا۔ اس موقع پر وزیر نے مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس دنیا بھر میں محبت، برداشت اور خیرخواہی کو فروغ دینے کا موقع ہے۔

جنید انوار چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو آئینی طور پر مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے تحریکِ پاکستان میں اقلیتوں کی قربانیوں اور کردار کو تاریخ کا روشن باب قرار دیا اور تعلیم، صحت اور سماجی ترقی میں مسیحی برادری کی خدمات کو مثالی قرار دیا وزیر بحری امور نے مزید کہا کہ حکومت بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور ہر شہری کو مذہبی آزادی اور برابر کے حقوق حاصل ہیں.