لاہور(بیورو رپورٹ)صوبائی وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندر حیات خان نے صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کی سالگرہ کے موقع پر سندس فاؤنڈیشن لاہور کا دورہ کیا۔ ان کی آمد پر بانی و صدر سندس فاؤنڈیشن محمد یاسین خان اور فاؤنڈیشن کی انتظامیہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا دورے کے دوران صوبائی وزیرِ تعلیم نے تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا میں مبتلا بچوں کے ہمراہ صدر مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔ رانا سکندر حیات خان نے بچوں سے ملاقات کی، ان میں تحائف تقسیم کیے اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے بھرپور شفقت کا اظہار کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا سکندر حیات خان نے کہا کہ صدر مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کی سیاست خدمت، قیادت اور ترقی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے ہمیشہ اپنے وعدوں کو عملی جامہ پہنایا اور عوامی خدمت کو اپنی سیاسی جدوجہد کا محور بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ قائد میاں محمد نواز شریف ایک مقبول اور مدبر رہنما ہیں جن کے وژن، سیاسی بصیرت اور عوام دوست طرزِ قیادت کا اعتراف ان کے ناقدین بھی کرتے ہیں۔ شفافیت، اچھی حکمرانی اور ترقی پر ان کی توجہ نے پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور میں داخل کیا۔

ٕصوبائی وزیرِ تعلیم نے مزید کہا کہ آج کرسمس کا دن بھی ہے جبکہ قائدِاعظم محمد علی جناح اور میاں محمد نواز شریف کی سالگرہ بھی اسی روز منائی جا رہی ہے۔ ہم نے ان تمام خوشیوں کو تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے مریض بچوں کے ساتھ مل کر منایا اور قائدِاعظم اور میاں نواز شریف کی سالگرہ کا کیک کاٹا انہوں نے کہا کہ سندس فاؤنڈیشن لاکھوں پاکستانیوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کا ذریعہ ہے اور یہ ادارہ تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کیلئے کسی رحمت سے کم نہیں۔ رانا سکندر حیات خان نے کہا کہ پنجاب سمیت پورے پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل تحفظ حاصل ہے اور حکومت ان کی فلاح و بہبود کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اس موقع بانی و صدر سندس فاؤنڈیشن محمد یاسین خان نے صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے مریض بچوں کے ساتھ خوشیاں بانٹنا ہمارے مشن کا بنیادی حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندس فاؤنڈیشن بلا تفریق مذہب و سیاست انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور یہی ہمارا اصل مقصد ہے.

