اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )پاکستانی محنت کشوں کے لیے خوشخبری ہے کہ اٹلی نے پاکستان کے لیے 10,500 نوکریوں کا کوٹہ مختص کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین اور وزارت اوورسیز پاکستانیز کی خصوصی کوششوں کے نتیجے میں یہ کوٹہ اگلے تین سال کے لیے جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت ہر سال 3,500 پاکستانی سیزنل اور نان سیزنل کوٹہ پر اٹلی جا سکیں گے۔
اس میں 1,500 سیزنل اور 2,000 نان سیزنل کارکن شامل ہوں گے۔ پاکستان کو شپ بریکنگ، ہاسپٹیلیٹی، ہیلتھ کیئر اور زراعت کے شعبوں میں ملازمتوں کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں، جن میں ویلڈرز، ٹیکنیشنز، شیفس، ویٹرز، ہاؤس کیپنگ اسٹاف، نرسز، میڈیکل ٹیکنیشنز اور کسان شامل ہیں۔
ترجمان وزارت اوورسیز پاکستانیز نے کہا کہ یہ پیش رفت پاکستان کے لیے یورپی لیبر مارکیٹ میں روزگار کے نئے مواقعوں کی تلاش میں ایک تاریخی سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستانی محنت کشوں کو عالمی سطح پر باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے اور مستقبل میں یورپ کے مزید ممالک کے دروازے بھی پاکستانی ورک فورس کے لیے کھلیں گے۔

