اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں پنک ربن یوتھ سیمینار کا انعقاد

بہاولپو ر(بیورو رپورٹ)اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں ویمن ہیلتھ کیئر سنٹر اور میٹرنٹی ہوم کے زیر اہتمام خواتین میں چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی کے لیے پنک ربن یوتھ سیمینار منعقد کیا گیا۔ ڈائریکٹر، کنسلٹنٹ گائناکالوجسٹ برائے خواتین صحت ڈاکٹر سفینہ صدیق نے تمام معززین کا خیرمقدم کیا اور انتظامی کمیٹیوں بشمول ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز کی ٹیموں کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے خواتین کی صحت کی دیکھ بھال کے مرکز میں موجود جدید سہولیات سے آگاہ کیا۔ سیمینار کی مہمان خصوصی ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی تھیں۔

پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی نے پاکستان میں چھاتی کے کینسر کے خطرناک حد تک بڑھنے اور آگاہی کی ضرورت پر زور دیا۔ کلیدی مقرر ڈاکٹر فرحت العین طیبہ، جنرل اینڈ بریسٹ ری کنسٹرکٹیو سرجن قائد اعظم میڈیکل کالج نے جلد تشخیص لگانے کی تکنیکوں پر گفتگو کی جبکہ ڈاکٹر ثمینہ اعجاز، ایڈیشنل ڈائریکٹر ویمن ہیلتھ نےچھاتی کے کینسر سے متعلق تفصیلی روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر زرمینہ ارم اور ڈاکٹر شیما نے چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی اور بچاؤ کے موضوع پر گفتگو میں حصہ لیا۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر نسرین ڈین فیکلٹی آف سپیشل ایجوکیشن، ڈاکٹر ثمر فہد، ڈاکٹر نوین جاوید، ڈاکٹر عنبرین، ڈاکٹر امبر اور ڈاکٹر مصباح نوشین بھی موجود تھیں۔ اس تقریب کا مقصد خواتین کو چھاتی کے کینسر کے خطرات، علامات اور خود معائنہ اور باقاعدگی سے چیک اپ کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کرنا تھا۔