اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر امریکہ کے شہر ڈیلاس میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں سے ٹیلیفونک خطاب کیا۔ خطاب میں انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو ایک عظیم رہنما، جمہوریت کی علمبردار اور عوام کی حقیقی نمائندہ تھیں ، سید یوسف رضا گیلانی نے بتایا کہ انہیں محترمہ بے نظیر بھٹو کے ساتھ مختلف حیثیتوں میں کام کرنے کا اعزاز حاصل رہا اور انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن کو مضبوط بنیادیں فراہم کیں۔ جلاوطنی، قید و بند اور قربانیوں کے باوجود محترمہ بے نظیر بھٹو نے جدوجہد ترک نہیں کی اور عدالتی جدوجہد کے ذریعے جماعتی انتخابات بحال کیے۔
چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کم عمری میں پاکستان اور عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیراعظم بنیں اور سازشوں کے باوجود جمہوریت کی بحالی کے لیے ثابت قدم رہیں۔ انہوں نے 18 اکتوبر کو کراچی میں محترمہ بے نظیر بھٹو کے تاریخی عوامی استقبال کا ذکر بھی کیا اور کہا کہ ان کی شہادت پوری قوم کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے ، انہوں نے صدر آصف علی زرداری کی قیادت اور 18ویں آئینی ترمیم کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی، جس سے پارلیمانی جمہوریت مضبوط ہوئی اور اختیارات پارلیمان کو منتقل کر کے بالادستی بحال کی گئی۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہمیں محترمہ بے نظیر بھٹو کے نظریے پر عمل کرتے ہوئے مضبوط اور خوشحال پاکستان بنانا ہوگا۔

