گورنر خیبرپختونخوا سے بلائنڈ کرکٹ کھلاڑیوں اور مسلم لیگ ق کے صوبائی صدر کی ملاقات، کھیل، امن و امان اور عوامی مسائل پر تبادلہ خیال

پشاور (بیورو رپورٹ)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے منگل کو بلائنڈ کرکٹ کلب پشاور کے وفد نے ملاقات کی، جس کی قیادت صدر حبیب اللہ خٹک کر رہے تھے۔ ملاقات میں پشاور میں بلائنڈ کرکٹ کے فروغ، میچز کے انعقاد اور کھلاڑیوں کو درپیش مسائل بشمول وفاقی محکمہ جات میں روزگار اور دیگر سہولیات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی صلاحیتوں کے حامل کھلاڑی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے بلائنڈ کرکٹ کے میچ کے انعقاد اور کھلاڑیوں کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں سے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اسی دن گورنر سے پاکستان مسلم لیگ ق کے صوبائی صدر انتخاب خان چمکنی نے بھی ملاقات کی، جس میں صوبے میں امن و امان، سیاسی صورتحال، پشاور میں لوڈشیڈنگ اور عوام کو درپیش مسائل پر بات کی گئی۔ گورنر نے کہا کہ بجلی چوری کے خاتمے اور خالی واپڈا آسامیوں پر تعیناتی ضروری ہے، اور عوام کو گیس کی فراہمی میں مشکلات کے حل کے لیے حکام کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو سراہا اور صوبے میں قیام امن کے لیے سیاسی جماعتوں کے اتحاد کی اہمیت پر زور دیا۔