لاہور (بیورو رپورٹ)وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی قیادت میں پی ڈی ایم اے پنجاب نے مثالی کاکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہیٹ ویو، مون سون، سیلاب اور سموگ و برفباری جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے بہترین اقدامات اٹھائے گئے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ مری میں برف باری کے پیش نظر انتظامی اداروں کو ریسکیو و ریلیف سامان کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے مری انتظامیہ کو ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کیلئے سامان کے2 ٹرک روانہ کیے گئے ۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ ریلیف سامان میں رین کوٹ، فولڈ نگ شاول، لحاف کمبل، گرم دستانے، چھتریاں اور ٹوپیاں بھی شامل تھیں۔ برفانی طوفان2022 کے سانحہ کے پیش نظر جانی و مالی نقصان سے بچائو کیلئے پی ڈی ایم اے پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنائے گئے۔
مری میں سیاحوں کی سہولیات کیلئے فسیلیٹیشن سنٹرز قائم کیے گئے۔سیاحوں اور مسافروں کی حفاظت کے لیے مختلف ذرائع سے آگاہی مہم کو یقینی بنایا گیا۔ ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے نمٹنے کے لیے پنجاب کے تمام اضلاع میں موک ایکسرسائزز کا انعقاد کیا گیا۔ ضلعی سطح پر ریسکیو و ریلیف آپریشن کے لیے مختلف سامان فراہم کیا گیا۔ ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کے مطابق پی ڈی ایم اے کی جانب سے پاک آرمی و ریسکیو 1122 کو فلڈ ریلیف ایکوئپمنٹ فراہم کیا گیا۔آسمانی بجلی و مون سون بارشوں میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کے باعث متاثرین کو مالی معاونت فراہم کی گئی۔ مون سون بارشوں کے باعث متاثرہ فصلوں کے لیے مالی معاونت فراہم کی گئی۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ سال2025 میں دریائے راوی، ستلج اور چناب میں پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب آیا۔وزیراعلی پنجاب کی ہدایات پر تمام پیشگی تیاریاں مکمل کی گئی تھیں۔ ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایات پر پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن کیا گیا۔ ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ متاثرہ اضلاع میں21 لاکھ17 ہزار جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔سیلاب سے متاثرہ اضلاع می417 ریلیف کیمپ قائم کیے گئے۔ ریلیف کیمپوں میں خوراک، طبی و دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا، متاثر ہونے والے اضلاع میں 502 میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے گئے۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ مویشیوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے432 ویٹرنری کیمپس قائم کیے گئے۔ وزیراعلی پنجاب کی ہدایات پر فیلڈ سروے ایک مہینہ کی ریکارڈ مدت میں پورا کیا گیا۔ فیلڈ سروے میں 5 لاکھ 94 ہزار فیملیز کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے پنجاب مستقبل میں ناگہانی صورتحال اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ وزیراعلی پنجاب کی خصوصی ہدایات پر تمام تر تیاریوں کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔

