اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر برائے سمندری امور محمد جنید انور چوہدری نے پاکستان کی پہلی شپ ری سائیکلنگ سہولت، جو ہانگ کانگ انٹرنیشنل کنونشن (HKC) کے تحت سرٹیفائیڈ ہے، کا افتتاح کیا۔ وزیر نے اس موقع پر کہا کہ یہ پاکستان کی شپ ری سائیکلنگ صنعت کے لیے ایک تاریخی قدم ہے جو نہ صرف محفوظ بلکہ ماحولیاتی لحاظ سے ذمہ دارانہ طریقہ کار کی نشاندہی کرتا ہے محمد جنید انور چوہدری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ Prime Green Recycling Yard کی سرٹیفیکیشن پاکستان کے عالمی سمندری اور ماحولیاتی معیار کے مطابق ہونے کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے اسے ملک کے لیے قومی فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی شپ ری سائیکلنگ صنعت کی عالمی سطح پر پہچان ہے وزیر نے بتایا کہ ہانگ کانگ کنونشن، جسے انٹرنیشنل میرٹائم آرگنائزیشن (IMO) کے تحت اپنایا گیا ہے، جہازوں کی محفوظ اور ماحول دوست ری سائیکلنگ کے عالمی معیار مقرر کرتا ہے، جس میں خطرناک مواد، کارکنوں کی حفاظت اور فضلہ کے انتظام کے پہلو شامل ہیں۔

جنید چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے اب اپنی شپ ری سائیکلنگ پریکٹسز کو IMO کے تقاضوں کے مطابق ڈھال لیا ہے، اور وزارت برائے سمندری امور کی جانب سے شروع کیے گئے اصلاحاتی اقدامات عملی شکل اختیار کر چکے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ گڈانی شپ ری سائیکلنگ زون کی جدید کاری کے لیے حکومت نے منصوبہ بندی کی ہے، جس میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری، ریگولیٹری اصلاحات اور نگرانی کے اقدامات شامل ہیں۔ وزیر نے کہا کہ کارکنوں کی حفاظت سب سے بڑی ترجیح رہے گی اور صنعت کو صاف اور محفوظ طریقوں کی طرف منتقل کیا جائے گا وزیر نے پاکستان شپ بریکرز ایسوسی ایشن کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پبلک اور پرائیویٹ شعبے کے تعاون سے ہی صنعت کے پائیدار فروغ کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
محمد جنید انور چوہدری نے کہا کہ جدید اور ذمہ دارانہ شپ ری سائیکلنگ صنعت ہزاروں روزگار فراہم کر سکتی ہے اور مقامی طور پر حاصل شدہ اسٹیل اور مواد کے ذریعے ملکی معیشت کو مستحکم بنانے میں مدد دے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ صنعت درآمدات پر انحصار کم کرے گی اور پاکستان کی صنعتی بنیاد کو مضبوط کرے گی وزیر نے یقین دہانی کروائی کہ سمندری ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ملکی شپ ری سائیکلنگ سیکٹر کو محفوظ، ماحولیاتی لحاظ سے ذمہ دار اور عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے مسلسل سرمایہ کاری اور پالیسی تعاون جاری رکھا جائے گا انہوں نے کہا، “ہمارا وژن یہ ہے کہ پاکستان خطے میں ایک پائیدار اور محفوظ سمندری قائد کے طور پر ابھرے، اور HKC کی سرٹیفیکیشن اس بڑے اصلاحاتی ایجنڈے کا پہلا قدم ہے۔”

