اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے جی سیون میں گیس دھماکے سے متاثرہ گھر کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واقعے کو ایک بڑا قومی سانحہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گیس لیکج کے باعث پیش آنے والا یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے جس نے خوشیوں کو غم میں بدل دیا۔
وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو فی کس پانچ لاکھ روپے مالی امداد فراہم کی جائے گی، جبکہ زخمی افراد کو وزارت مذہبی امور کی جانب سے پچاس ہزار روپے فی کس دیے جائیں گے, انہوں نے مزید کہا کہ ایک یتیم بچی کے جہیز کے لیے وہ اپنے خصوصی فنڈ سے مالی معاونت کریں گے۔

سردار محمد یوسف نے کہا کہ مسیحی برادری ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہے اور ان کے دکھ کو ہم سب کا مشترکہ دکھ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان سے قبل ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، کھیل داس کوہستانی اور چیئرمین سی ڈی اے بھی جائے حادثہ پر آئے اور سب نے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت مذہبی امور کے تمام متعلقہ افسران متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اس ناگہانی آفت کی تمام تفصیلات وزیراعظم تک پہنچائی جائیں گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ متاثرہ علاقے کی ری کنسٹرکشن ضروری ہے اور حکومت اس ضمن میں ہدایات جاری کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے آگاہی مہم چلائی جائے گی کیونکہ یہ سانحہ حفاظتی اقدامات کی اہمیت اور لاپروائی کے مہلک نتائج کی واضح مثال ہے۔ سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک ایک متحد اور مستحکم قوم ہے اور ایسے سانحات میں قومی یکجہتی ہی ہماری اصل طاقت ہے، جبکہ انسانی درد کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔

