راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے کانفرنس روم میں آج ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے، کنزہ مرتضیٰ نے کی۔ اجلاس میں یونیورسٹی ٹاؤن ہاؤسنگ سکیم اور پاکستان ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سکیم کے متاثرین کو درپیش مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیمز/کمیٹیوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جس کے بعد ڈی جی آر ڈی اے نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ متاثرین کے تمام بقایا مسائل فوری اور مؤثر انداز میں حل کیے جائیں۔ ڈی جی آر ڈی اے نے کہا کہ سیکرٹری ہاؤسنگ، نور الامین منگل کی ہدایات کے مطابق، پلاٹ الاٹمنٹ، پلاٹس کی پوزیشن، قبضہ، ترقیاتی کام اور دیگر متعلقہ امور ترجیحی بنیادوں پر جلد از جلد حل کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ہاؤسنگ سکیموں میں رہن کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ ڈی جی آر ڈی اے نے میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ، اسٹیٹ مینجمنٹ اور دیگر متعلقہ شعبہ جات کے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے بلا خوف و خطر اور ذمہ دارانہ انداز میں کام کریں اور غیر قانونی عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور سخت کارروائی جاری رکھی جائے۔ انہوں نے آر ڈی اے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اتھارٹی شہریوں کے حقوق کے تحفظ، شہری ترقی کے قوانین کے سخت نفاذ، اور بدعنوانی و فراڈ کے خاتمے کے لیے غیر جانبدار اور فیصلہ کن اقدامات جاری رکھے گی۔ آر ڈی اے شفافیت کے فروغ، داخلی احتسابی نظام کی مضبوطی، اور عوام کو استحصال سے بچانے کے لیے پرعزم ہے۔
ڈی جی آر ڈی اے نے عوام کو آگاہ کیا کہ آر ڈی اے عوامی مفاد میں باقاعدگی سے پریس ریلیز جاری کرتا ہے اور شہریوں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری سے گریز کریں۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں کی تفصیلات کے لیے آر ڈی اے کی سرکاری ویب سائٹ www.rda.gop.pk وزٹ کریں اور صرف منظور شدہ اسکیموں کے ساتھ لین دین کریں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈی جی آر ڈی اے، چیف پلانر آر ڈی اے، ڈائریکٹر لینڈ، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

