اسلام آباد (کرائم رپورٹر)یورپی یونین کے اعلیٰ سطحی وفد، فرنٹیکس کے رابطہ افسر برائے پاکستان، ہنگری کے سفارتخانے کے نمائندے اور ICMPD کے نمائندے نے سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا ، دورے کے دوران وفد کو ایف آئی اے امیگریشن سیالکوٹ ایئرپورٹ کی کارکردگی، کام کے طریقہ کار اور گزشتہ پانچ ماہ کے دوران حاصل شدہ کامیابیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں غیر قانونی ہجرت کو روکنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات، رسک انڈیکیٹرز کے مؤثر نفاذ، بہتر پروفائلنگ میکنزم اور سیکنڈ لائن بارڈر کنٹرول آفس کے بہترین استعمال پر خاص زور دیا گیا۔

وفد کو زونل سطح اور ایئرپورٹ پر پہلے سے موجود سہولت کاری کے نظام سے بھی آگاہ کیا گیا، جس کا مقصد بارڈر مینجمنٹ کو مضبوط بنانا، آپریشنل کارکردگی بہتر کرنا اور مسافروں کے لیے دوستانہ ماحول فراہم کرنا ہے۔دورے کے اختتام پر وفد نے سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور مضبوط، محفوظ اور مؤثر بارڈر کنٹرول آپریشنز پر بھرپور اعتماد اور تعریف کا اظہار کیا۔


