سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن سید ذیشان علی نقوی کی اہم ملاقات

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر چیمبر کے اندر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن اور سابق ڈپٹی میئر اسلام آباد سید ذیشان علی نقوی نے اہم ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک کی موجودہ صورتحال، پارلیمانی امور اور نوجوانوں کے کردار کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور اس میں مقامی یکجہتی، جمہوری استحکام اور سیاسی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشاورت کی گئی۔ سید ذیشان علی نقوی نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو قومی ترقی میں شامل کرنے سے متعلق اقدامات کے بارے میں سپیکر قومی اسمبلی کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر سپیکر ایاز صادق نے نوجوان قیادت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی ترقی اور جمہوری عمل کے استحکام میں نوجوانوں کی شمولیت نہایت اہم ہے اور ان کے فعال کردار سے ملک میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔