راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)جڑواں شہروں میں آج صبح سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کے پیشِ نظر واسا نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا محمد سلیم اشرف کے مطابق بارش کے باعث ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ عملہ اور وسائل مکمل طور پر متحرک کر دیے گئے ہیں۔ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنانے کے لیے واسا کا عملہ اور ہیوی مشینری تعینات کر دی گئی ہے۔ لیاقت باغ، کمیٹی چوک انڈرپاس، مری روڈ اور صادق آباد کے نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کا عمل مسلسل جاری ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے بتایا کہ نالہ لئی کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور فی الوقت نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے تاہم کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ ٹیمیں الرٹ ہیں۔
شدید بارش کی صورت میں فوری ردِعمل کے لیے واسا کی رین ایمرجنسی ٹیمیں بھی مکمل طور پر فعال کر دی گئی ہیں۔ترجمان واسا کے مطابق ایم ڈی واسا کی خصوصی ہدایات پر فیلڈ افسران خود نکاسی آب کے کام کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ تمام اقدامات مؤثر اور بروقت مکمل کیے جا سکیں۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی صورت میں فوری نکاسی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ایم ڈی واسا محمد سلیم اشرف نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شہری نالوں اور گٹروں کے ڈھکن کھلے رکھنے میں تعاون کریں اور کچرا پھینکنے سے گریز کریں تاکہ نکاسی آب کے نظام میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر واسا ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔واسا انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کی سہولت اور تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور بارش کے دوران صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

