لاہور (بیورو رپورٹ) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھیجنے کا حتمی فیصلہ حکومت کرے گی، صوبائی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ پی سی بی کا مؤقف وہی ہوگا جو حکومت کا ہوگا،محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی وطن واپسی کا انتظار ہے اور ہمارا تعلق آئی سی سی کے بجائے اپنی حکومت سے ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کوئی بھی ملک پاکستان پر فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں رکھتا۔ آئی سی سی اجلاس میں بھی انہوں نے دہرا معیار اپنانے کی مخالفت کی اور کہا کہ حکومت کے فیصلوں کے ہم پابند ہیں۔
پی سی بی چیئرمین نے مزید کہا کہ ہمارے پاس پلان اے، بی اور سی موجود ہیں اور اگر حکومت کہتی ہے کہ ٹیم نہیں کھیلے گی تو وہ 22 ویں ٹیم بھی لے آئیں،انہوں نے بنگلادیش کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان اور بھارت کو ہائبرڈ ماڈل کی اجازت ہے تو بنگلادیش کو کیوں نہیں، اور ہر صورت بنگلادیش کو ورلڈ کپ میں کھیلنا چاہیے،محسن نقوی نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ پاکستانی کھلاڑیوں سے فراڈ ہوا ہے اور اس معاملے کو حل کرنے کے لیے متعلقہ رابطے کیے جائیں گے۔

