اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )ڈاکٹر۔ اے کیو خان سکول اینڈ کالج میں عالمی یومِ تعلیم بھر پور جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت فرح ناز اکبر نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ معزز مہمان کا باضابطہ استقبال ادارے کے پرنسپل بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) ڈاکٹر محمد حنیف اور فیکلٹی کے سینئر ممبران نے کیا۔پرنسپل نےوفاقی پارلیمانی سیکرٹری تعلیم کو ادارے کے تعلیمی وژن، تعلیمی سرگرمیوں اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے جاری کوششوں سے آگاہ کیا۔
انہوں نے طلباء کے لیے سازگار، جامع اور وسائل سے بھرپور تعلیمی ماحول کو یقینی بنانے کے حوالہ سے تعلیمی اداروں کو درپیش چیلنجز پر بھی روشنی ڈالی۔مختلف معروف اداروں کے پرنسپلز، فیکلٹی ممبران اور طلباء پر مشتمل اجتماع سے اپنے خطاب میں فرح ناز اکبر نے قومی ترقی میں تعلیم کے مرکزی کردار پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ طلباء قوم کی امید اور مستقبل کی نمائندگی کرتے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور وزارت معاشرے کے تمام طبقات کے لیے معیاری تعلیم تک مساوی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی اور صوبائی سٹیک ہولڈرز، تعلیمی اداروں اور متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون سے کام کر رہی ہے۔ فرح ناز اکبر نے طلباء میں تعلیمی فضیلت، نظم و ضبط اور ہمہ گیر ترقی کو فروغ دینے میں ڈاکٹر اے کیو خان سکول اینڈ کالج کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے طلبا کی حوصلہ افزائی کی کرتے ہوئے کہا کہ لگن، دیانتداری اور جدت کے جذبے کے ساتھ علم حاصل کریں ، ایک مضبوط تعلیمی نظام ترقی پسند اور روشن خیال معاشرے کی بنیاد ہے۔

