چین کی پاکستان کیلئے امدادی سامان کی چوتھی کھیپ کراچی پہنچ گئی

کراچی (بیورو رپورٹ):چین کی جانب سے پاکستان کے لیے امدادی سامان کی چوتھی کھیپ بحری جہاز کے ذریعے کراچی پہنچ گئی۔ حالیہ امدادی کھیپ میں ایک ہزار سلیپنگ بیگز، 14 ہزار خیمے اور 12 ہزار کمبل شامل ہیں۔ امدادی سامان کو بندرگاہ سے ٹرکوں کے ذریعے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے کراچی ویئرہاؤس منتقل کر دیا گیا ہے۔

اس سے قبل 26 دسمبر 2025 کو چین کی جانب سے آنے والی تیسری امدادی کھیپ میں 100 کشتیاں، 5 ہزار خیمے اور 8 ہزار کمبل شامل تھے۔ جبکہ 4 اکتوبر 2025 کو موصول ہونے والی دوسری کھیپ میں 16 ہزار کمبل، 700 خیمے، ایک ہزار لائف جیکٹس اور 4 ہزار سلیپنگ بیگز فراہم کیے گئے تھے اسی طرح 28 ستمبر 2025 کو آنے والی پہلی امدادی کھیپ میں 9 ہزار کمبل اور 300 خیمے شامل تھے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق چین سے موصول ہونے والی چاروں امدادی کھیپوں میں مجموعی طور پر 45 ہزار کمبل، 20 ہزار خیمے، 100 کشتیاں، ایک ہزار لائف جیکٹس اور 5 ہزار سلیپنگ بیگز پاکستان کو فراہم کیے جا چکے ہیں۔این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ادارہ آفات سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہا ہے اور متاثرہ علاقوں میں ضرورت کے مطابق امدادی سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔