این ڈی ایم اے کا خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش و برفباری کا الرٹ جاری

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں ممکنہ بارش اور برفباری کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے این ڈی ایم اے کے مطابق اگلے 12 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بیشتر اضلاع میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا میں چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، مالاکنڈ، کرم، وزیرستان، مانسہرہ، مہمند، بونیر، ہری پور، ایبٹ آباد، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور کوہاٹ میں بارش متوقع ہے گلگت بلتستان میں گلگت، استور، غزر، دیامیر، سکردو، ہنزہ اور شگر میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ آزاد کشمیر کے علاقوں باغ، مظفرآباد، پونچھ، حویلی، کوٹلی، بھمبر اور نیلم میں بھی بارش جبکہ بلند مقامات پر برفباری متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارش اور برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش اور برفباری کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں ممکنہ خطرات کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ریسکیو آپریشنز اور سڑکوں کی بحالی کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے کا نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور عوام و متعلقہ اداروں کو پیشگی آگاہی فراہم کی جا رہی ہے این ڈی ایم اے نے عوام کو مستند معلومات، ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر سے متعلق رہنمائی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔