وفاقی حکومت کا 30 ارب روپے کا رمضان پیکیج تیار، وزیراعظم آج اعلان کریں گے

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وفاقی حکومت کی جانب سے رمضان المبارک کے لیے خصوصی ریلیف پیکیج کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت آج باضابطہ طور پر رمضان پیکیج کا اعلان کرے گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ رمضان پیکیج کا مجموعی حجم تقریباً 30 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے، جس کے تحت ملک بھر کے 17 لاکھ مستحق خاندانوں کو مالی امداد فراہم کی جائے گی، ہر مستحق خاندان کو 13 ہزار روپے کی رقم ڈیجیٹل طریقے سے دی جائے گی، رمضان پیکیج کی رقم براہِ راست مستحق افراد کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی، جس کے لیے شفاف اور مؤثر ڈیجیٹل ادائیگی نظام اپنایا گیا ہے تاکہ کسی قسم کی بدعنوانی یا تاخیر سے بچا جا سکے۔

رمضان پیکیج کے اعلان کے لیے وزیراعظم ہاؤس میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی، جہاں وزیراعظم شہباز شریف خود پیکیج کا اعلان کریں گے۔ تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عوام کو مہنگائی کے دباؤ سے ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالیں گے، حکومتی ذرائع کے مطابق رمضان پیکیج کو موجودہ مہنگائی کی صورتحال میں عوام کے لیے ایک اہم ریلیف قرار دیا جا رہا ہے۔