اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وفاقی دارالحکومت میں گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگانے کی کامیاب مہم کے بعد اب دوسرے مرحلے میں موٹر سائیکلز پر ایم ٹیگ لگانے کا باقاعدہ آغاز 20 فروری سے کیا جا رہا ہے، ڈی جی ایکسائز عرفان میمن کے مطابق موٹر سائیکل مالکان 20 فروری کو صبح 10 بجے سے ایم ٹیگ حاصل کر سکیں گے، ایم ٹیگ کے حصول کے لیے موٹر سائیکل کے اصل کاغذات اور مالک کا قومی شناختی کارڈ ہمراہ لانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق تمام اقسام کی موٹر سائیکلز پر ہوگا، جن میں عام بائکس، بائکیا سروس، ہیوی بائکس اور دیگر تمام موٹر سائیکلز شامل ہیں، ڈی جی ایکسائز نے بتایا کہ اب تک مجموعی طور پر 2 لاکھ 23 ہزار 566 گاڑیوں کو ایم ٹیگ جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ ایم ٹیگ لگانے کا عمل شہر بھر کے 13 مختلف پوائنٹس پر جاری ہے، عرفان میمن کا کہنا تھا کہ بائکیا اور آن لائن ٹیکسی سروسز کی رجسٹریشن کا عمل الگ سے جاری ہے.
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ایم ٹیگ مہم میں بھرپور تعاون کریں تاکہ شہر اور شہریوں کے سفر کو مزید محفوظ بنایا جا سکے،حکام کے مطابق ایم ٹیگ سسٹم کے ذریعے گاڑیوں اور موٹر سائیکلز کی بہتر نگرانی ممکن ہوگی جس سے سیکیورٹی اقدامات کو مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔

