پاکستان کا آئی ٹی یو ریگولیٹری بنچ مارک 2025 میں ففتھ جنریشن (فائیو جی ) ریگولیٹر کا درجہ برقرار

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ پاکستان نے انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین (آئی ٹی یو) کے ریگولیٹری بنچ مارکنگ فریم ورک کے تحت ففتھ جنریشن (فائیو جی) ریگولیٹر کا درجہ برقرار رکھتے ہوئے آئی ٹی یو جی فائیو بنچ مارک 2025 میں مجموعی طور پر 75.77 سکور حاصل کر لیا ۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان پہلی بار 2021 میں 58.64 سکور کے ساتھ فائیو جی کیٹیگری میں شامل ہوا تھا جو 2023 میں بڑھ کر 68.36 ہو گیا جبکہ 2025 میں 75.77 کا نمایاں سکور حاصل کرنا ملک میں ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹری شعبے میں مسلسل اصلاحات اور پالیسی ہم آہنگی کا عکاس ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ سکور مؤثر سپیکٹرم مینجمنٹ، مسابقتی فریم ورک کے استحکام، صارفین کے تحفظ کے اقدامات اور ڈیجیٹل پالیسیوں میں بہتری کا نتیجہ ہے۔ اس پیشرفت کے باعث پاکستان بدستور ’’ایڈوانسڈ‘‘ ریگولیٹری میچورٹی رینج (60 تا 80) میں شامل ہے اور ’’لیڈنگ‘‘ درجے (80 تا 100) کی جانب پیش قدمی کر رہا ہے پی ٹی اے حکام کے مطابق فائیو جی درجہ برقرار رہنے سے عالمی سطح پر پاکستان کی ریگولیٹری صلاحیتوں کا اعتراف مزید مستحکم ہوگا اور بین الاقوامی فورمز پر ملک کی مؤثر نمائندگی کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ریگولیٹری ماحول کی بدولت ڈیجیٹل معیشت کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافے اور ٹیلی کام شعبے میں مسابقت کے استحکام کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔