ایچ ای سی کا تمام انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ ڈگری پروگراموں میں مصنوعی ذہانت پر لازمی تین کریڈٹ آور کورس شامل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ملک بھر کے تمام انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ ڈگری پروگراموں میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر لازمی تین کریڈٹ آور کورس شامل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کا اطلاق تعلیمی سیشن 2026ء سے ہوگا۔ ایچ ای سی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ کورس تمام سرکاری و نجی شعبے کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں متعارف کرایا جائے گا اس ضمن میں وائس چانسلرز، ریکٹرز اور جامعات کے سربراہان کو باقاعدہ ہدایات ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ مقررہ مدت میں نصاب میں ضروری ترامیم کو یقینی بنایا جا سکے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ہر انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ پروگرام میں مصنوعی ذہانت پر مشتمل تین کریڈٹ آور کا کورس لازمی طور پر شامل ہوگا، جسے اختیاری مضمون، بین الشعبہ جاتی کورس یا پروگرام کے معاون مضمون کے طور پر پڑھایا جا سکے گا۔

ایچ ای سی کے مطابق نصاب میں اے آئی کا انضمام محض ایک اضافی جزو نہیں بلکہ عصر حاضر کی ناگزیر ضرورت ہے۔ اکیسویں صدی کے تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی منظرنامے میں مصنوعی ذہانت ایک انقلابی قوت کے طور پر ابھر رہی ہے جو معیشت، صنعت، صحت، تعلیم اور دیگر شعبہ جات پر گہرے اثرات مرتب کر رہی ہے مصنوعی ذہانت کی تعلیم کو نصاب کا حصہ بنانے کا مقصد طلبہ کو اپنی متعلقہ فیلڈز میں جدید ٹیکنالوجی اور اے آئی ٹولز کے موثر اور ذمہ دارانہ استعمال کے قابل بنانا ہے تاکہ وہ قومی و بین الاقوامی سطح پر مسابقتی تقاضوں کا سامنا کر سکیں۔

ایچ ای سی نے جامعات کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس کورس کے لیے فیکلٹی کی استعداد کار میں اضافہ، نصابی خاکے کی تیاری اور ضروری وسائل کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ 2026ء کے تعلیمی سیشن سے اس فیصلے پر موثر عملدرآمد ممکن بنایا جا سکے۔