گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ایم ڈی پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آفتاب الرحمان کی ملاقات

پشاور(بیورو رپورٹ )گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن(پی ٹی ڈی سی)آفتاب الرحمان نے جمعہ کو گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ گورنر خیبرپختونخوا کے پبلک ریلیشنز آفیسر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں گورنر خیبر پختونخوا کو پی ٹی ڈی سی کے اغراض و مقاصد اور کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی ، گورنر کو ملک بھر میں سیاحت کے فروغ کیلئے ٹورازم وژن، پروموشن اور پبلسٹی پروگرامز سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ملاقات میں ٹورازم اور ہوسپیٹیلیٹی سروسز کا آغاز اور’’سلام پاکستان‘‘برانڈ لانچ کرنے کے ساتھ ٹورازم سمپوزیم، کانفرنسز، پروموشنل ایکٹیویٹیز، ٹورازم انویسٹمنٹ کانفرنسز اینڈ ایکسپو، آسیان پاکستان ٹورازم بزنس فورم، بدھ مت سیاحتی کانفرنس اور نیشنل ٹورازم ایوارڈز 2025 سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں چترال،کیلاش، ناران کیلئے نیشنل ٹورگائیڈز پروگرام سمیت نوجوانوں کی استعداد بڑھانے کیلئے ہوٹل منیجمنٹ سمیت دیگر سیاحتی شعبوں میں انڈسٹریل سطح پر بھی تربیتی پروگرامز اور پروموشنل ونٹرسپورٹس کے انعقاد سے متعلق بھی آگاہی فراہم کی گئی۔گورنر کو بتایا گیا کہ پی ٹی ڈی سی کی پراپرٹی 19 موٹلز خیبر پختونخوا حکومت کے حوالے کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی حسن، تاریخی ورثہ اور ثقافتی تنوع کے حوالے سے ملک کا ایک اہم صوبہ ہے۔ صوبے میں قدرتی اور مذہبی سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، خیبرپختونخوا میں سیاحتی شعبہ کو ترقی دیکر معیشت کو مستحکم کرنے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

گورنر نے کہا کہ سیاحت کے فروغ، سرمایہ کاری کے حصول اور بین الاقوامی سطح پر مثبت تشخص اجاگر کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کیاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ سیاحتی مقامات پر بنیادی سہولیات، انفراسٹرکچر اور سکیورٹی کے موثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو بہترین سہولیات میسر آ سکیں۔ گورنر خیبرپختونخوا نے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری سے سیاحت کے شعبہ کو مزید فعال اورمستحکم بنایا جا سکتا ہے۔