پشاور (بیورو رپورٹ)گورنر خیبر پختونخوا، فیصل کریم کنڈی نے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر قمرالزمان کائرہ کے پھوپھی زاد بھائی مشتاق کائرہ کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں گورنر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔
اسی دوران، گورنر خیبر پختونخوا سے اٹلی میں مقیم معروف کاروباری شخصیت، ارشد محمود چیمہ نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع، صنعت، سیاحت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی، اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی جبکہ ارشد محمود چیمہ نے خیبر پختونخوا میں کاروباری مواقع میں دلچسپی ظاہر کی اور کہا کہ اوورسیز پاکستانی صوبے کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ملاقات میں سابق ایڈیشنل سیکرٹری پٹرولیم، فلک شیر ورک، اور سینئر صحافی علی فرقان بھی موجود تھے۔

