آر ڈی اے کا 293 غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا اعلان

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر ) کمشنر راولپنڈی و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی انجینئر عامر خٹک کی ہدایات پر آرڈی اے میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ نے آر ڈی اے کے زیر کنٹرول علاقوں میں قائم 293 غیر قانونی پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے عوامی انتباہ جاری کر دیا ہے۔ یہ سکیمیں دائرہ اختیار ایم سی آر، متعلقہ تحصیل کونسلز اور ضلع کونسلز راولپنڈی، ٹیکسلا، گوجرخان، کلر سیداں اور کہوٹہ میں واقع ہیں۔ آر ڈی اے نے پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹیز پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیمز رولز 2021 کے تحت درج ذیل سنگین خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی ہے.

جس میں آر ڈی اے سے باقاعدہ منظوری حاصل کیے بغیر ہاؤسنگ سکیموں کا اجراء، نامکمل درخواستوں کی جمع آوری اور لازمی قانونی تقاضے پورے نہ کرنا، قانونی کارروائی کے آغاز کے بعد درخواستوں کی واپسی، مکمل اور مطلوبہ دستاویزات جمع نہ کروانا، مجاز اتھارٹی سے باقاعدہ دستخط شدہ لے آؤٹ پلان کی منظوری حاصل نہ کرنا، غیر مجاز ترقیاتی کام، مارکیٹنگ، تشہیر، بکنگ، فروخت یا پلاٹس کی منتقلی، درخواست کردہ اراضی سے تجاوز کرتے ہوئے ترقیاتی سرگرمیاں اور منظور شدہ یا جمع شدہ نقشہ جات سے انحراف، بشمول غیر قانونی پلاٹس، سڑکوں اور سہولیات کی تعمیر شامل ہیں۔ یہ خلاف ورزیاں سائٹ انسپیکشنز، گراؤنڈ سروے، عوامی شکایات اور پرنٹ، الیکٹرانک و سوشل میڈیا کی مسلسل نگرانی کے دوران سامنے آئی ہیں۔ آر ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ قانون کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی، جس میں قانونی و شوکاز نوٹسز کا اجراء، ایف آئی آرز کا اندراج، دفاتر اور پراجیکٹ سائٹس کو سیل کرن، غیر قانونی تعمیرات اور ترقیاتی کاموں کا انہدام اور اراضی کے لین دین پر پابندی عائد کرنا .

غیر قانونی اشتہارات اور مالی بے ضابطگیوں کے مقدمات کو ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھجوانااور فوجداری مقدمات کا باقاعدہ اندراج اور پیروی شامل ہیں۔ تمام غیر منظور شدہ سکیموں کے اسپانسرز اور ڈویلپرز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ فوری طور پر تمام غیر قانونی ترقیاتی، مارکیٹنگ، تشہیری، بکنگ اور فروخت کی سرگرمیاں بند کریں۔ عدم تعمیل کی صورت میں بغیر کسی مزید نوٹس کے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عوام الناس بالخصوص اوورسیز پاکستانیوں، سرمایہ کاروں اور پراپرٹی ڈیلرز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ کسی بھی ہاؤسنگ سکیم میں سرمایہ کاری سے قبل اس کی منظوری کی حیثیت آر ڈی اے سے لازماً تصدیق کریں۔ فائل جمع شدہ، زیر جانچ یا زیرعمل جیسی اصطلاحات کو باقاعدہ منظوری تصور نہ کیا جائے۔

کسی غیر منظور شدہ یا غیر قانونی سکیم میں سرمایہ کاری یا لین دین مکمل طور پر خریدارو سرمایہ کار کے اپنے خطرے اور ذمہ داری پر ہوگا۔ اس عوامی نوٹس کی اشاعت کے بعد غیر منظور شدہ یا غیر قانونی قرار دی گئی سکیموں میں کسی بھی مالی نقصان کی ذمہ داری آر ڈی اے پر عائد نہیں ہوگی۔ عوام الناس سے اپیل کی جاتی ہے کہ کسی بھی ہاؤسنگ سکیم میں پلاٹ خریدنے یا جائیداد کا لین دین کرنے سے قبل آر ڈی اے کی سرکاری ویب سائٹ ملاحظہ کریں اور سکیم کی منظوری کی تصدیق ضرور کریں۔