ایم ڈی واسا راولپنڈی عزیز اللہ خان کی زیر صدارت تعارفی اجلاس، شہریوں کو بہتر سروس فراہم کرنے کی ہدایات

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر )واسا راولپنڈی کے منیجنگ ڈائریکٹر عزیز اللہ خان کی زیر صدارت ایک اہم تعارفی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرز، ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور سب انجینئرز نے شرکت کی اجلاس میں راولپنڈی شہر میں پانی کی فراہمی، سیوریج اور نکاسیٔ آب کے جاری منصوبوں اور فیلڈ آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایم ڈی واسا نے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کو بلا تعطل اور معیاری سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شکایات کے فوری ازالے، سیوریج لائنوں کی باقاعدہ ڈی سلٹنگ، مین ہولز کی بروقت مرمت اور ڈسپوزل اسٹیشنز کی مکمل فعالیت کو یقینی بنایا جائے۔

عزیز اللہ خان نے واضح کیا کہ فیلڈ میں افسران کی موجودگی بڑھائی جائے، مؤثر مانیٹرنگ سسٹم اپنایا جائے اور ہر افسر اپنی ذمہ داری احسن انداز میں ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی کارکردگی میں بہتری، شفافیت اور ٹیم ورک کے ذریعے عوامی اعتماد کو مضبوط بنایا جائے گا ایم ڈی واسا نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کو جون تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن جاری کی۔ اجلاس میں کھلے مین ہولز کی فوری تنصیب، غیر قانونی کنکشن کے خلاف کارروائی اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر ہر دو ہفتے بعد فالو اپ میٹنگ کا انعقاد کرنے کا بھی عندیہ دیا گیا۔