اسلام آباد (سٹی رپورٹر )وفاقی دارالحکومت میں گاڑیوں اور بائیکس پر ایم ٹیگ لگانے کا عمل تیزی سے جاری ہے، وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 1,107 گاڑیوں اور4,660 بائیکس پر ایم ٹیگ پر ایم ٹیگ نصب کیے گئے ہیں۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق اب تک 2 لاکھ 41 ہزار 957 گاڑیاں ایم ٹیگ سسٹم میں شامل ہو چکی ہیں جبکہ موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ کی مجموعی تعداد 25 ہزار 847 تک پہنچ گئی۔ ترجمان نے کہا کہ 26 نمبر، پھلگراں، ایف نائن پارک اور فیض آباد مراکز 24 گھنٹے مکمل طور پر فعال ہیں، روات ٹی کراس، جی 14 چیک پوسٹ اور نائنتھ ایونیو آئی نائن ، گلبرگ گرین، ملپور، مارگلہ ایونیو، گندم گودام، دامن کوہ اور مری روڈ نزد ٹیولپ پوائنٹس پر 12 گھنٹے خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ڈی جی ایکسائز کا کہنا ہے کہ اوقات کار میں نمایاں اضافے سے شہریوں کے رش میں نمایاں کمی آئی ہے، رمضان المبارک میں شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، شہریوں کی سہولت کے لیے ایم ٹیگ سینٹرز پر اضافی عملہ تعینات کیا گیا ہے۔۔انہوں نے کہا کہ ایم ٹیگ لگوانے کے لیے ملکیتی ریکارڈ، اصل شناختی کارڈ اور تصدیق شدہ موبائل نمبر پیش کرنا ضروری ہے، بغیر ایم ٹیگ والی بائیکس اور گاڑیوں کو سڑک پر چلنے کی اجازت نہیں ہو گی، کسی بھی قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے شہری تمام تر دستاویزات کے ساتھ قریبی ایم ٹیگ مراکز کا رخ کریں۔

