اوورلوڈنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کا مطالبہ، گڈز ٹرانسپورٹرز وفد کی وفاقی وزیر بحری امور سے ملاقات

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے وفد نے وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری سے ملاقات کی جس میں کراچی کی بندرگاہوں سے اندرونِ ملک جانے والی اوورلوڈ گاڑیوں کی روک تھام کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔

وفد نے مؤقف اختیار کیا کہ اوورلوڈنگ سڑکوں کی تباہی اور ٹریفک حادثات کا بڑا سبب بن رہی ہے، جس سے نہ صرف انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ قیمتی انسانی جانیں بھی ضائع ہوتی ہیں۔ ٹرانسپورٹرز نے مطالبہ کیا کہ پورٹ گیٹس پر مؤثر ویٹ چیکنگ نظام کو یقینی بنایا جائے تاکہ قانون پر مکمل عملدرآمد ہوسکے وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے وفد کو یقین دلایا کہ بندرگاہوں پر ویٹ چیکنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایکسل لوڈ کمپلائنس قانون کے مطابق یقینی بنائی جائے گی اور اوورلوڈنگ کی روک تھام کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر اقدامات کیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سڑکوں کا تحفظ اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔