راولپنڈی(سٹی رپورٹر ) کمشنر راولپنڈی و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی انجینئر عامر خٹک کی ہدایات پر آر ڈی اے انفورسمنٹ اسکواڈ اور میونسپل کارپوریشن راولپنڈی نے صادق آباد روڈ پر مشترکہ طور پر انسداد تجاوزات آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران غیر قانونی شیڈز اور سڑک کے کنارے قائم تھڑے مسمار کر دیے گئے جبکہ مختلف تجاوزات کا خاتمہ کر کے سڑک کی حالت بحال کرنے کی کوشش تاکہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جا سکے۔ کارروائی کے دوران انفورسمنٹ اسکواڈ کو فوری اور مؤثر عملدرآمد کے لیے تعینات کیا گیا۔

اس موقع پر دکانداروں کو عوامی مقامات کے تحفظ کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا اور انہیں منظور شدہ نقشوں اور متعلقہ قوانین کی سختی سے پابندی کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اس اقدام کا مقصد نہ صرف تجاوزات اور رکاوٹوں کا خاتمہ کرنا ہے بلکہ پیدل چلنے والوں کی آمدورفت کو بہتر بنانا، ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا اور شہر میں صاف ستھرا اور منظم شہری ماحول کو فروغ دینا بھی ہے۔ حکام نے واضح کیا کہ دوبارہ تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی بھی صورت عوامی اراضی پر غیر قانونی قبضہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ آر ڈی اے نے مزید کہا کہ اس نوعیت کے آپریشنز شہر کے انفراسٹرکچر کو جدید بنانے، ٹریفک کے دباؤ میں کمی لانے اور راولپنڈی کے مجموعی حسن کو بہتر بنانے کے لیے جاری جامع حکمت عملی کا حصہ ہیں۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی تعمیرات یا تجاوزات کی اطلاع آر ڈی اے ہیلپ لائن پر دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے اور شہر کو محفوظ، منظم اور قابل رسائی بنایا جا سکے۔ آر ڈی اے نے شہر میں شہری نظم و ضبط برقرار رکھنے اور غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کریں اور شہر میں کسی قسم کے غیر مجاز ڈھانچے قائم کرنے سے گریز کریں۔ یہ آپریشن ڈائریکٹر لینڈ و انچارج انفورسمنٹ غضنفر علی اعوان کی نگرانی میں کیا گیا، جبکہ بلڈنگ سرویئر عامر محمود ملک کے علاوہ آر ڈی اے انفورسمنٹ اسٹاف اور ایم سی آر کے عملے نے بھی کارروائی میں حصہ لیا۔

