کراچی(بیورو رپورٹ )کراچی میں کیمیکل ملا دودھ فروخت ہونے لگا جبکہ دودھ کی قیمتیں بڑھانے کیلئے ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن نے وزیراعلیٰ سندھ اور کمشنر کراچی کو خط لکھ دیا۔ ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز نے کمشنر کراچی سے دودھ کی نئی قیمتیں مقرر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ایکس فارم گیٹ قیمت 295 اور ریٹیل 320 روپے فی لیٹر مقررکی جائے فارمرزکاکہناہے کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ دودھ کی سپلائی روک دیں گے ، فارمرز کئی ماہ سے فی لیٹر تقریباً 70 روپے نقصان برداشت کر رہے ہیں ۔
دوسری جانب عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ڈیری فارمرز والے کیمیکل ملا ہوا دودھ فروخت کرکے عوام کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں ان کی قیمیتیں بڑھانے کی بجائے ان کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے جو مضر صحت دودھ فروخت کررہے ہیں .
ڈیری فارمرز کاکہناہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے پیداواری لاگت بڑھ گئی، دودھ کی قیمتیں پیداواری لاگت کے مطابق مقرر کی جائیں۔ دوسری طرف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے ساتھ ہی ٹرانسپورٹرز اور پاکستان ریلویز نے بھی کرایوں میں فوری طورپراضافہ کردیاہے،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کاطوفان آنے کاامکان ظاہرکیاجارہاہے۔

