اسلام آباد سیکٹر F-6 میں عورت مارچ، 19 خواتین سمیت منتظمین گرفتار

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ) سیکٹر F-6 میں عورت مارچ کے دوران پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منتظمین سمیت 19 خواتین کو گرفتار کر لیا ، پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والی خواتین میں مزئین، نویرا، مصباح، حلیمہ اظہر اور خرب شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر فرزانہ باری، سحر، سحرش، تزین ہادی، جیا، کشمالہ اقبال، ثمینہ افضل اور ندا خان بھی شامل ہیں۔ مزید گرفتار خواتین میں ماوارا باری، عصمت جبین، زینب جمیل، مدیحہ سعود اور طاہرہ عبداللہ کے نام بھی شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عورت مارچ کی منتظمین نے گزشتہ روز ضلعی انتظامیہ سے مارچ کے انعقاد کی اجازت طلب کی تھی، تاہم انتظامیہ نے اسلام آباد میں مارچ کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا پولیس کا کہنا ہے کہ اجازت نہ ملنے کے باوجود خواتین نے مارچ کا اعلان کیا اور اجتماع کیا، جس پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے الزام میں کارروائی کی گئی۔ گرفتار خواتین کو قانونی کارروائی کے لیے ویمن پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔