اسلام آباد (سپیشل رپورٹر)وفاقی وزیر کی آشیربادکے باعث فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن اتھارٹی کے گریڈ 18 کے ایک آفیسر پر نوازشات کی بھرمار کر کے ایک ہی وقت میں چار عہدوں سے نواز دیا گیا جبکہ دیگر سینیئر افسران کو کھڈے لائن لگا دیا، کیپیٹل نیوز پوئنٹ کو ذرائع نے بتایا کہ سی ڈی اے سے ڈیپوٹیشن پر آنے والے گریڈ 18 کے ایک افسر حسن شاہ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن میں گئے مذکورہ افسر کے قریبی عزیز نے انکشاف کیا کہ وہ ایک وفاقی وزیر اور ایک خاتون ایم این اے کے سفارشی ہیں انہیں ایف جی ایچ اے میں جاتے ہی ڈائریکٹر ٹیکنیکل دوسرا بھارہ کہو انکلیو ہاؤسنگ پروجیکٹ میں ڈائریکٹر کا عہدہ بھی انہی کے پاس ہے۔
گزشتہ دنوں ایف 14 کی افتتاحی تقریب کے دوران وفاقی وزیر ہاؤسنگ ریاض حسین پیرزادہ کی آمد کے موقع پر متاثرین نے احتجاج کیا تھا اور کہا تھا کہ پراجیکٹ کی تمام قسطیں بھی مکمل ہو چکی ہیں لیکن کام تاحال بند پڑا ہے اور ابھی تک الاٹیز کو قبضہ تک نہیں دیا گیا، دوسرا پراجیکٹ سکائی لائن پر بھی کام سست رفتار ہو چکا ہے جبکہ جی 14 کی ڈویلپمنٹ کے لیے ایک ٹینڈر اقبال نامی شخص کی کمپنی کو دیا گیا جس کی ڈی جی ہاؤسنگ کے حکم پر انکوائری کھول دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ با اثر حسن شاہ نے مذکورہ بالا معاملہ گول کروا دیا جبکہ دوسری جانب اوصاف نے جب تحقیق کی تو پتہ چلا کہ ادارے میں کئی ایسے سینئر افسران بھی موجود ہیں جن کے بڑے سے تعلقات نہ ہونے کی وجہ سے کھڈے لائن لگے ہوئے ہیں ، ایک افسر نے نام شائع نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ادارے کے اندر جس کی لاٹھی اس کی بھینس والا سلسلہ ہے اگر اوپر تک سفارش ہے تو فوری آپ کو اعلیٰ عہدے سے نواز دیا جاتا ہے ، انھوں نے بتایا کہ ایک ہی افسرکو 4 مختلف پراجیکٹس دینا نہ صرف زیادتی ہے بلکہ یہی وجہ سے کہ کام کی رفتار بھی انتہائی سست ہے ، اسی حوالے سے جب او صاف نے ڈائریکٹر ٹیکنیکل حسن شاہ کا موقف جاننے کے لیے انہیں لکھ کر ایک سوال نامہ دیا لیکن انہوں نے جواب دینا تک گوارہ نہیں کیا۔

