اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے اسلاموفوبیا کے تدارک کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دنیا میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کے رجحان کا مقابلہ باہمی احترام، برداشت اور مکالمے کے ذریعے کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام رواداری، صبر اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے جبکہ مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیانیہ عالمی امن اور سماجی ہم آہنگی کے لیے خطرہ ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی اور ثقافتی احترام ہی پائیدار امن کی بنیاد ہیں اور اسلاموفوبیا کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ حکمتِ عملی اپنانا وقت کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک انسانی حقوق کی بنیادی اقدار کے منافی ہے اور پاکستان ہمیشہ عالمی سطح پر مذہبی احترام اور برداشت کے فروغ کے لیے آواز اٹھاتا رہا ہے۔
محمد حنیف عباسی نے مزید کہا کہ دنیا کو نفرت کے بجائے احترام، برداشت اور مکالمے کے راستے کو اپنانا ہوگا اور اسلاموفوبیا کے خلاف مؤثر اقدامات عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام مذاہب کے ماننے والوں کے حقوق کے تحفظ اور مذہبی آزادی پر یقین رکھتا ہے جبکہ ملک میں مذہبی اقلیتوں کو آئینی حقوق اور مکمل تحفظ حاصل ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف تعصب کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں اور نفرت و تقسیم کے بیانیے کو شکست دینے کے لیے تعلیم اور آگاہی کو فروغ دینا ہوگا۔
دریں اثنا وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی ہدایت پر پاکستان ریلویز نے عید کے موقع پر مسافروں کی سہولت کے لیے چار اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلی عید اسپیشل ٹرین 16 مارچ کو لاہور سے کراچی روانہ ہوگی، دوسری 17 مارچ کو کوئٹہ سے راولپنڈی جائے گی، جبکہ تیسری ٹرین 17 مارچ کو کراچی سے پشاور کے لیے روانہ ہوگی۔ چوتھی عید اسپیشل ٹرین 18 مارچ کو کراچی سے لاہور کے لیے روانہ کی جائے گی۔
حکام کے مطابق عید کے موقع پر مسافروں کے بڑھتے ہوئے رش کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ اقدام کیا گیا ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔

