صدر آصف علی زرداری کی وفاقی وزراء سے ملاقات، داخلی سلامتی اور قومی یکجہتی کو مضبوط بنانے پر زور

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور خالد مقبول صدیقی نے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی داخلی سلامتی کی صورتحال اور امن و امان سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور اس کے پاکستان پر ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا، شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں امن، استحکام اور قانون کی حکمرانی کے فروغ کے لیے مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے داخلی سلامتی کو مزید مضبوط بنانے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا، اس موقع پر قومی یکجہتی، سیاسی ہم آہنگی اور جمہوری عمل کے تسلسل کی اہمیت پر بھی گفتگو کی گئی ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ملک میں امن و استحکام برقرار رکھنے اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے کام جاری رکھیں گے۔