اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 (پی ایم آئی ایف26) کے منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ فورم، جو پہلے 8–9 اپریل 2026 کو اسلام آباد میں منعقد ہونا تھا، اب عارضی طور پر 12–13 نومبر 2026 کو منعقد کیا جائے گا، تفصیلات کے مطابق فورم کی تاریخ میں تبدیلی خطے کی موجودہ صورتحال اور چند اہم ممالک میں بین الاقوامی سفر کے ماحول کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے، اگرچہ پاکستان کسی تنازعے کا حصہ نہیں اور ملک کے لیے بین الاقوامی سفر معمول کے مطابق جاری ہے، تاہم حکومت اور بین الاقوامی شراکت داروں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ تاریخ آگے بڑھانے سے بیرونِ ملک شرکا ء کی شرکت زیادہ یقینی بنائی جا سکے گی۔
نومبر میں فورم کے انعقاد سے بین الاقوامی وفود، سرمایہ کاروں، پالیسی سازوں اور صنعت کے نمائندوں کو شرکت کے لیے زیادہ سازگار وقت میسر آئے گا اور اعلیٰ سطحی مکالمے اور شراکت داریوں کو فروغ ملے گا، یہ فورم پاکستان کے معدنی وسائل اور سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کرنے اور مائننگ کمپنیوں، ایکسپلوریشن فرمز، سروس فراہم کرنے والے اداروں، مالیاتی اداروں اور حکومتی اسٹیک ہولڈرز کے درمیان روابط اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے ملک کا نمایاں پلیٹ فارم ہے۔
منتظمین کے مطابق فورم کی تیاری جاری ہے اور پروگرام کی منصوبہ بندی، بین الاقوامی رابطوں اور شراکت داریوں پر کام نئی تاریخ کے مطابق جاری رکھا جائے گا۔ فورم نومبر 2026 میں منعقد کرنے کا مقصد پاکستان کے معدنی شعبے میں ذمہ دارانہ ترقی اور عالمی سرمایہ کاری کے فروغ کے عزم کو اجاگر کرنا ہے۔

