اسلام آباد میں بارش، ژالہ باری اور گرج چمک کے پیش نظر ہنگامی انتظامات مکمل

اسلام آباد (سٹی رپورٹر) کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور ضلعی انتظامیہ نے بارش، آندھی، ژالہ باری اور گرج چمک کی پیشنگوئی کے تناظر میں خصوصی انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 24 مارچ تا 30 مارچ تک بارش، آندھی، ژالہ باری اور گرج چمک کے امکانات ہیں، چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے سی ڈی اے، ضلعی انتظامیہ اور ایم سی آئی کو جامع انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر سی ڈی اے، ایم سی آئی اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیمیں بارش کے دوران شہریوں کی خدمت کیلئے فیلڈ میں موجود رہینگی۔ اسی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایمرجنسی اور ریسکیو رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی تمام شاہراؤں، نالوں، آبی گزرگاہوں اور نشیبی علاقوں کی سخت نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ عملے اور جدید مشینری کو فیلڈ میں موجود رہ کر نگرانی کے فرائض سر انجام دینے کی ہدایت کی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کے متعلقہ افسران خود فیلڈ میں موجودگی کو یقینی بنائیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 25 سے 26 مارچ تک بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ہے جبکہ 28 مارچ سے 30 مارچ تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ نے کہا شہری بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ سی ڈی اے انتظامیہ نے کہا کہ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال یا شکایت کی صورت میں سی ڈی اے کی ہیلپ لائن پر رابطہ کر سکتے ہیں جہاں موصول ہونے والی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائیگا۔

چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر بارش کے دوران شاہراؤں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے انڈر پاسز اور دیگر مقامات پر نکاسی آب کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ ان اقدامات کا مقصد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شہریوں کی حفاظت اور بہتر سے بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔