آئین پاکستان قومی اتحاد اور جمہوری تسلسل کی علامت ہے. چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ یومِ دستور پاکستان قومی اتفاقِ رائے، جمہوری تسلسل اور عوامی حقوق کی علامت ہے، 1973 کا آئین شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں قوم کو متفقہ آئینی ڈھانچہ فراہم کرنے کا تاریخی کارنامہ ہے۔ جمعہ کو یومِ دستور پاکستان کے موقع پر جاری پیغام میں سینٹر روبینہ خالد نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے آئین کی بحالی اور جمہوریت کے استحکام کے لیے تاریخی جدوجہد کی، صدر آصف علی زرداری کے دور میں 18ویں آئینی ترمیم کے ذریعے پارلیمانی نظام کو مضبوط اور صوبائی خودمختاری کو فروغ ملا اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آئین کی بالادستی .

جمہوری اقدار اور عوامی حقوق کے تسلسل کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان ہر شہری کے بنیادی حقوق، انصاف اور مساوات کی ضمانت فراہم کرتا ہے، سماجی تحفظ اور کمزور طبقات کی فلاح آئین کی روح کا اہم تقاضا ہے۔ سینیٹر روبینہ نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام آئین میں دیئے گئے فلاحی اصولوں کی عملی شکل ہے، خواتین کی معاشی خودمختاری اور بااختیار بنانا آئین کے وژن کے مطابق ہماری ترجیح ہے، جمہوریت کی مضبوطی آئین کی بالادستی سے مشروط ہے، ہر ادارے کو آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یومِ دستور ہمیں قانون کی حکمرانی، قومی یکجہتی اور جمہوری استحکام کا پیغام دیتا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی آئین کے تحفظ اور عوامی خدمت کا مشن جاری رکھے گی۔