کراچی(بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے پورٹ قاسم کا دورہ کیا جہاں انہیں پورٹ قاسم اتھارٹی کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، دورے کے دوران وفاقی وزیر نے پورٹ قاسم میں انفراسٹرکچر کی بہتری اور بندرگاہی سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے بڑے اقدامات کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ ریفارمز اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع متعارف کرانے کا عمل تیزی سے جاری ہے تاکہ بندرگاہ کو ایک مضبوط معاشی مرکز بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیر کے مطابق ملٹی پرپز ٹرمینل کے قیام سے بندرگاہی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے جبکہ ایسٹرن انڈسٹریل زون کے جامع ترقیاتی منصوبے پر بھی پیشرفت جاری ہے، انہوں نے بتایا کہ ٹریٹمنٹ پلانٹ اور ڈوئل کیرج وے منصوبے جلد مکمل کیے جائیں گے جس سے نہ صرف ٹرانسپورٹ اور سہولیات بہتر ہوں گی بلکہ صنعتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا، وفاقی وزیر نے سی ٹو اسٹیل منصوبے پر پیشرفت کو صنعتی ترقی کے لیے مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ملک میں پیداوار اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پورٹ قاسم کی پانی کی ضروریات کے لیے ایک خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو دو ہفتوں میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ کمیٹی 25 سالہ طویل المدتی پلان اور اس کے اخراجات پر جامع اسٹڈی بھی کرے گی، دورے کے دوران ونڈ اور سولر انرجی پراجیکٹس کا بھی جائزہ لیا گیا تاکہ بندرگاہ کو قابلِ تجدید توانائی کے ذریعے مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ سے پورٹ قاسم کو ملک کا اہم معاشی مرکز بنانے کی کوششیں جاری رہیں گی۔

