اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) سیکرٹری وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس، کیپٹن (ر) محمد محمود نے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے دو اہم منصوبہ جات سکائی گارڈن اور گرین انکلیو ون کا تفصیلی دورہ کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اور ہاؤسنگ اتھارٹی کے دیگر اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے سکائی گارڈن میں جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام کو ترقیاتی سرگرمیوں کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کی۔

ٹیکنیکل ٹیم کو واضح ہدایات جاری کیں کہ جلد از جلد کام مکمل کریں , انہوں نے واضح کیا کہ الاٹیز کے مفادات کا تحفظ اولین ترجیح ہے، لہٰذا موضع کٹھار فیز ون کے کم از کم دو ہزار( 2000) پلاٹس کی پوزیشن (Possession) فراہم کریں ، اور تمام ضروری سہولیات بجلی پانی گیس سیکیورٹی بھی مہیا کریں ، بعد ازاں، سیکرٹری صاحب نے گرین انکلیو ون کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں منصوبے کو درپیش امور، درکار وسائل اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی غور کیا گیا، خاص طور پر ٹیکنیکل ٹیم کو ہدایت کی کے گرین انکلیو ون میں JV پارٹنر سے قانون کے مطابق معاملات طے کریں ، JV پارٹنرز کو بھی تاکید کی گئی کہ جلد از جلد ترقیاتی کام کو جلد شروع کیا جائے ، انہوں نے شفافیت کو یقینی بنانے اور بین الادارہ جاتی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے لیے واضح ہدایات جاری کیں۔
سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت عوام کو معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے، اور اس سلسلے میں تمام منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنا اولین ترجیح ہے، انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گرین انکلیو ون منصوبے پر فوری پیش رفت کو یقینی بنایا جائے اور اسے جلد از جلد پایۂ تکمیل تک پہنچایا جائے، انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں جدید معیار، شفافیت اور رفتار کو یقینی بنا کر عوام کا اعتماد بحال رکھا جائے گا، اور تمام وسائل کو بروئے کار لا کر ان منصوبوں کو ایک مثالی رہائشی ماڈل کے طور پر پیش کیا جائے گا۔

