اسلام آباد(کامرس رپورٹر )اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک خصوصی اور پروقار دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں نائب صدر آئی سی سی آئی محمد عرفان چوہدری کی والدہ مرحومہ اور ایگزیکٹو ممبر عامر رحیم قریشی کی والدہ مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی اور اجتماعی دعا کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سردار طاہر محمود، سینیئر نائب صدر طاہر ایوب، آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین طارق صادق، ایگزیکٹو و کونسل ممبران، سابق صدور اور دیگر عہدیداران کے علاوہ وفاقی دارالحکومت کی اہم کاروباری شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ، مارکیٹس کمیٹیوں کے عہدیداران اور ممبران بھی موجود تھے۔
صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر محمود نے اپنے مختصر خطاب میں نائب صدر محمد عرفان چوہدری اور ایگزیکٹو ممبر عامر رحیم قریشی سے چیمبر اور بزنس کمیونٹی کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومین کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے دعا کی۔
مفتی محمد عامر، فاضل دارالعلوم کراچی و ممبر آئی سی سی آئی نے مرحومین کے لیے خصوصی دعا کروائی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ والدین اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہیں، ان کا سایہ زندگی میں سکون اور برکت کا باعث ہوتا ہے، جبکہ ان کی جدائی ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ تاہم، ان کی نیکیاں، تربیت اور دعائیں ہمیشہ اولاد کے ساتھ رہتی ہیں تقریب کے اختتام پر شرکاء نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس دکھ کی گھڑی میں پوری بزنس کمیونٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے.

