اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )ملک میں بجلی کی صورتحال میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے جب کہ ڈیموں سے پانی کے اخراج میں اضافے کے باعث پن بجلی کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہےپاور ڈویژن کے ترجمان کے مطابق گزشتہ رات کے مقابلے میں ڈیموں سے پانی کا اخراج 8 ہزار کیوسک سے بڑھ کر 30 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا، جس کے نتیجے میں پن بجلی کی پیداوار 1800 میگاواٹ سے بڑھ کر 4100 میگاواٹ ہو گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ اس اضافے کے باعث نہ صرف بجلی کی مجموعی پیداوار میں بہتری آئی بلکہ جنوبی علاقوں سے وسطی اور شمالی علاقوں کو 400 میگاواٹ اضافی بجلی کی ترسیل بھی ممکن ہوئی، جس سے نظام کی مجموعی کارکردگی بہتر ہوئی انہوں نے کہا کہ بہتر پیداوار کے نتیجے میں لوڈ مینجمنٹ کے اوقات جو پہلے 6 گھنٹے سے بھی زائد تھے، کم ہو کر 2.5 سے 3 گھنٹے رہ گئے ہیں پاور ڈویژن نے امید ظاہر کی ہے کہ ایل این جی کی دستیابی اور پن بجلی میں مزید اضافہ ہونے سے ملک میں لوڈ مینجمنٹ کا مسئلہ جلد مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔

