پریس کلبز کے آڈیٹڈ اکاؤنٹس نہ دینے پر پی اے سی ذیلی کمیٹی برہم، گرانٹس مشروط کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینر معین عامر پیرزادہ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں وزارت اطلاعات و نشریات سے متعلق 2011-12 سے 2022-23 تک کے مختلف آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں مختلف پریس کلبز کو دی گئی گرانٹس کی ایڈجسٹمنٹ اور آڈیٹڈ اکاؤنٹس اسٹیٹمنٹس فراہم نہ کرنے کے معاملے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ آڈٹ حکام نے بتایا کہ 2010-11 میں مختلف پریس کلبز کو فنڈز جاری کیے گئے تاہم اب تک ان کے آڈیٹڈ اکاؤنٹس فراہم نہیں کیے گئے۔

سیکرٹری اطلاعات و نشریات نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ پریس کلبز کی انتظامیہ ہر سال تبدیل ہو جاتی ہے، جس کی وجہ سے ریکارڈ کے حصول میں مشکلات پیش آتی ہیں، تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ اب تک مطلوبہ آڈیٹڈ اکاؤنٹس جمع نہیں کروائے گئے، کنوینر کمیٹی معین عامر پیرزادہ نے ہدایت کی کہ جب تک پریس کلبز گزشتہ سال کے آڈیٹڈ اکاؤنٹس جمع نہیں کراتے، اس وقت تک انہیں آئندہ گرانٹس جاری نہ کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ 2011-12 کے آڈٹ اعتراضات کو تقریباً پندرہ سال گزر چکے ہیں، اس لیے اس معاملے کو مزید تاخیر کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔

کمیٹی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایک بار پھر پریس کلبز سے رابطہ کیا جائے اور انہیں آڈیٹڈ اکاؤنٹس جلد از جلد جمع کرانے کی درخواست کی جائے تاکہ آڈٹ اعتراضات کو نمٹایا جا سکے۔