اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) تاج ریزیڈنشیا کے متاثرین کی بڑی تعداد نے اسلام آباد کے علاقے بلیو ایریا میں احتجاجی مظاہرہ کیا، جہاں مظاہرین نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے خلاف نعرے بازی کی، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان سے وصول کی گئی رقوم واپس کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زمین موجود نہ ہونے کے باوجود ان سے کروڑوں روپے وصول کیے گئے، اور انہیں ان کی زندگی کی جمع پونجی سے محروم کیا گیا ہے۔ مظاہرین نے کہا کہ وہ خاموش نہیں بیٹھیں گے اور رقم کی واپسی تک احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
صورتحال کے پیش نظر تاج ریزیڈنشیا انتظامیہ نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس طلب کر لی۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ ایس پی سٹی ڈاکٹر ایاز بھی موقع پر موجود تھے۔ انتظامیہ کی جانب سے آزاد کشمیر پولیس کی سرکاری گاڑیاں بھی طلب کی گئیں۔

