یومِ تشکر: افواجِ پاکستان کی کامیابی پر ملک بھر میں خراجِ تحسین

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی اپیل پر معرکہ حق کے ایک سال مکمل ہونے اور آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر ملک بھر میں یوم تشکر منایا گیا۔یوم تشکر منانے کا فیصلہ قومی علماء و مشائخ کونسل کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔ ملک بھر میں علماء کرام مشائخ عظام نے خطبات جمعہ میں افواج پاکستان کے جرات مند اور جری جوانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، سپہ سالار سید عاصم منیر کو افواج پاکستان کو اس موقع پر مبارک باد دی اور کہا کہ ہماری افواج نے جذبہ ایمانی کی طاقت پر اپنے سے دس گنا طاقت کو شکست دی اور اس کا غرور خاک میں ملا دیا۔ انھوں نے کہا کہ سپریم سالار خود بھی حافظ قرآن ہیں اور انھون نے اس آپریشن کا نام بھی قرآن کی آیت سے رکھا اور نسوانی آپریشن سیندور کو عبرت کا نشان بنا دیا۔

کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ انھوں نے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص نماز فجر کے وقت شروع کیا گیا تھا اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی فوج ایمان تقوی اور جہاد فی سبیل اللہ کا ماٹو رکھنے والی فوج ہے۔ قومی علماء و مشائخ کونسل کے اراکین مولنا قاری حنیف جالندھری، علامہ عارف واحدی، مولنا علی محمد ابو تراب، مفتی ضمیر ساجد، ڈاکٹر ظفر اقبال جلالی، مفتی عبدالسلام، مولنا خطیب مصطفائی، مولنا ابوبکر حنیف،۔ مفتی فیروز الدین ہزاروی، مولنا ابو بکر صابری، کوآرڈینیٹر قاری محبوب الرحمن سمیت علماء کرام نے اپنے اپنے مقامات پر خطبات جمعہ میں افواج پاکستان کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ علماء کرام نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے تاریخ رقم کی۔ اور دنیا کو دکھا دیا کہ جو قوم جذبہ ایمانی رکھتی ہو اس کو کوئی شکست نہیں دے سکتا.