اسلام آباد (سٹی رپورٹر)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے ہفتہ کے روز ازبکستان کے سفیر علیشر توختائف (Alisher Tukhtayev) کے ہمراہ فیصل ایونیو پر زیر تعمیر بابر پارک کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ممبر انوائرمنٹ عبداللّٰہ خرم نیازی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس بشرا راؤ سمیت دیگر سنئیر افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔ دورہ میں زیر تعمیر بابر پارک کے ڈیزائن اور تعمیراتی کاموں میں ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بابر پارک کے تعمیراتی کام ازبکستان کے ڈیزائنرز اور ماہرین کی نگرانی میں سر انجام پا رہے ہیں اور پارک کے ماحول کو خوبصورت بنانے کیلئے ماحول دوست شجر کاری اور لینڈ سکیپنگ کی جائیگی۔ بریفنگ دیتے ہوئے مزید بتایا گیا کہ پارک کے تعمیراتی کاموں میں اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا۔
ازبک سفیر نے کہا کہ بابر پارک کا شمار اسلام آباد کے بہترین پارکس میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بابر پارک ازبک حکومت کی جانب سے اسلام آباد کے شہریوں کیلئے خاص تحفہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ ازبکستان اور پاکستان کے عوام کے درمیان دائمی دوستی، بھائی چارے اور مشترکہ تاریخی و ثقافتی رشتوں کی روشن علامت بنے گا چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے بابر پارک منصوبے کے ڈیزائن اور لے آؤٹ پلان کو سراہا۔ پارک کے ڈیزائن و تعمیر میں معاونت فراہم کرنے پر چیئرمین سی ڈی اے نے ازبک حکومت اور ازبک سفیر کیلئے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بابر پارک کی تعمیر کے حوالے سے سی ڈی اے ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تعلقات انتہائی گہرے اور مضبوط ہیں۔
بعد ازاں، چیئرمین سی ڈی اے نے ازبک سفیر کے ہمراہ تاشقند روڈ کا بھی دورہ کیا۔ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پاک ازبک کے تاریخی تعلقات کو مدنظر رکھتے ہوئے مذکورہ شاہراہ کا نام تاشقند روڈ رکھا گیا چیئرمین سی ڈی اے نے تاشقند روڈ کی بیوٹیفکیشن پر کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے مختلف مقامات پر ملکر بیوٹفکیشن اور اپ لفٹنگ کے کاموں کے خواہاں ہیں اس موقع پر پاکستان اور ازبکستان کے درمیان شہری سطح پر تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور شہری خوبصورتی اور ترقی کے شعبے میں ملکر کام کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا

