اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (NEOC) نے 12 سے 17 مئی تک ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ موسمی صورتحال سے متعلق تازہ جائزہ جاری کر دیا ہے این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال پہلے سے جاری کیے گئے پیشگی موسمی الرٹس کے عین مطابق ہے۔ ادارے نے اپریل تا جون کے موسم سے متعلق پیشگی جائزہ پہلے ہی جاری کر رکھا تھا۔
جاری الرٹ کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔گلگت، اسکردو، ہنزہ، نیلم ویلی، مظفرآباد اور دیگر پہاڑی علاقوں میں بارش اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول چترال، سوات، دیر، پشاور اور ایبٹ آباد میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پنجاب کے مختلف شہروں بشمول لاہور، راولپنڈی، مری، سیالکوٹ، فیصل آباد اور بہاولپور میں آندھی اور ژالہ باری کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ سندھ کے کچھ علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ 12 سے 16 مئی کے دوران بالائی علاقوں میں اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ادارے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں اور کمزور ڈھانچوں سے دور رہیں اور سیاح احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ضلعی انتظامیہ کو ریسکیو اور ہنگامی اقدامات کے لیے تیار رہنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

