تھانہ شمس کالونی میں پولیس پر فائرنگ، بین الصوبائی ڈکیت گینگ کا ایک رکن زخمی حالت میں گرفتار

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) اسلام آباد کے تھانہ شمس کالونی کی حدود میں پولیس ٹیم اور بین الصوبائی ڈکیت گینگ کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق معمول کی چیکنگ کے دوران پولیس ٹیم نے موٹر سائیکل پر سوار مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم تین مسلح ملزمان نے رکنے کے بجائے فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس ٹیم نے تعاقب کیا تو ملزمان نے پولیس پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس اہلکار حفاظتی اقدامات اور بلٹ پروف جیکٹس کی بدولت محفوظ رہے، اسی دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو کر گر پڑا، جسے پولیس نے موقع پر گرفتار کر لیا ،گرفتار ملزم کی شناخت امجد علی کے نام سے ہوئی ہے جو ڈکیتی، رہزنی اور موٹر سائیکل چوری سمیت 42 سے زائد مقدمات میں اسلام آباد اور پنجاب پولیس کو مطلوب تھا۔ ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے ملزم کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل، اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کر لیا ہے، ابتدائی کارروائی کے دوران ملزمان کے دیگر دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔