مری ایکسپریس وے پر خوفناک حادثہ، ہائی ایس وین نالے میں جا گری، آگ لگنے سے 10 افراد جاں بحق

مری (بیورو رپورٹ) مری ایکسپریس وے پر کھجٹ کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس میں ایک ہائی ایس وین موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہو کر نالے میں جا گری اور فوراً آگ کی لپیٹ میں آ گئی، موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 13 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر بچے شامل تھے جن کی تعداد 10 بتائی گئی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہائی ایس وین ایک موڑ پر توازن برقرار نہ رکھ سکی اور سیدھی نالے میں جا گری، جس کے باعث گاڑی میں فوری طور پر آگ بھڑک اٹھی، افسوسناک طور پر وین اس سمت گری جہاں سے دروازے کھولنا ممکن نہ تھا، جس سے مسافروں کو بروقت نکالنے میں شدید مشکلات پیش آئیں۔

حادثے کا شکار ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا گیا ہے جو ملتان سے مری سیر کے لیے جا رہے تھے، زخمیوں اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو فوری طور پر پمز اسپتال اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے، موٹروے پولیس اور مری انتظامیہ کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ریسکیو کارروائیاں فوری طور پر شروع کر دی گئیں، حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔